اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کابینہ اور تمام صوبوں کے گورنروں کی مشترکہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے بامقصد تعاون کو مدنظر رکھتے ہوئے گروپ پانچ جمع ایک، کے رکن ممالک سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ جوہری مذاکرات کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران، اپنے کسی بھی اصول اور اہداف سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران یورینیم کی افزودگی کو اپنا حق سمجھتا ہے اور اس شعبے میں ترقی و تحقیقات اور سرگرمیاں جاری رکھنا ایک ایسا اہم مطالبہ تھا جسے تسلیم کیا گیا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ حکومت اپنے تمام اہم مقاصد حاصل اور مطالبات منوانے میں کامیاب ہو گئی- صدر مملکت نے کہا کہ جب کوئی قوم اپنے مستقبل، اپنے ملک کے نظام اور حکومت پر اعتماد کرتی ہے تو عظیم اجتماعی سرمائے کی شکل وجود میں آتی ہے اور قوم، مضبوط عزم و ارادے کے ساتھ میدان عمل میں آتی ہے اور پھر اس قومی اعتماد اور امید کے بھروسے، ہر طرح کی مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے- ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے مقابلے میں مذاکرات کرنے والی عالمی طاقتوں نے اس بات کو بخوبی سمجھ لیا کہ ایران کی پرامن جوہری سرگرمیاں، کبھی نہیں رک سکتیں- صدر مملکت نے کہا کہ ایران کے خلاف اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ ایک بڑی کامیابی ہے- انھوں نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایران میں ایک بڑی تبدیلی کے لئے حالات سازگار ہیں، کہا کہ حکومت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مشترکہ پیداوار کے لئے تمام صوبوں کو ضروری اختیارات دینے اور اندرون ملک سرمایہ کاری کی راہ میں پائی جانے والی تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لئے آمادہ ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲